Thursday, April 18, 2024

کرونا وائرس سے کل ہلاکتوں کی تعداد 3830 ہو گئیں

کرونا وائرس سے کل ہلاکتوں کی تعداد 3830 ہو گئیں
March 9, 2020
بیجنگ (92 نیوز) کرونا وائرس کا دباؤ کہیں تیز  ہے تو کہیں ٹوٹنے لگا،  چین میں مزید 22 اور جنوبی کوریا میں 3 مریض دم توڑ گئے، عالمی سطح پر ہلاکتیں 3830 ہوگئیں ، 109 ممالک میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار سے بڑھ چکی ہے  ۔ امریکا، ایران، بھارت اور آسٹریلیا میں مزید افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ کرونا وائرس  کا خوف دنیا بھر میں پھیل گیا ،109 ممالک میں وائرس پنجے گاڑ چکا ہے ، جنوبی کوریا میں متاثرین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی، جہاں چوبیس گھنٹوں میں ڈھائی سو نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ چین کے بعد اٹلی لاکھوں لوگوں پر پابندیاں عائد کرنے والا دوسرا ملک بن چکا ہے ، شمالی علاقے لومبارڈی کا مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے  جس کی خلاف ورزی کرنے والے کو تین ماہ قید کے ساتھ دو سو بتیس ڈالر جرمانہ بھی دینا پڑے گا۔ امریکا کی 35 ریاستیں کرونا سے متاثر ہوچکی ہیں ، جہاں ساڑھے پانچ سو کے قریب مریضوں کی تشخیص ہوچکی ہے ، جن میں کیلی فورنیا میں لنگرانداز کروز کے اکیس متاثرین بھی شامل ہیں۔ ایران میں متاثرین کی تعدادساڑھے چھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ، جن میں سے دو سو کے قریب مریض چل بسے ہیں۔ بھارت میں کرونا کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، بھارت میں کرونا کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں ریاست کیرالہ کا تین سالہ بچہ بھی شامل ہے۔