Thursday, April 18, 2024

کرونا وائرس سے چین میں مزید 31افراد ہلاک

کرونا وائرس سے چین میں مزید 31افراد ہلاک
March 3, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز)  چین سمیت پوری دنیا میں کرونا وائرس  کے مہلک وار جاری ہیں ، چین میں مزید 31 افراد ہلاک ہو گئے،125 نئے کیسز بھی سامنے آ گئے۔ امریکا میں کرونا نے 6 مزید افراد کی زندگیاں نگل لی، اٹلی میں مزید  18 افراد ہلاک ہو گئے، سعودی عرب، تیونس اور اردن وائرس سے متاثرہ ممالک میں شامل ہو گئے۔ کرونا وائرس  چین سمیت پوری دنیا کا درد سر بن گیا، تمام تر کوششوں کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے لگا۔  امریکا میں کرونا وائرس سے ریاست واشنگٹن میں مزید 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکا میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو چکی ہے۔ اٹلی میں مزید 18 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔  مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 52  تک جا پہنچی ہے۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2036 ہے ،  فرانس میں بھی مزید 2 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص نے ایران کا سفر کیا تھا اور وہ براستہ بحرین ملک میں داخل ہوا۔ وائرس نے ایران میں تباہی مچا کر رکھ دی ہے اور وہ چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتوں والا ملک بن گیا ہے۔ ایران میں اب تک 66 افراد مر چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں چین کے بعد وائرس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ 26 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 4335 تک پہنچ چکی ہے۔ اردن اور تیونس میں بھی کرونا وائرس کے پہلے پہلے کیس سامنے آئے ہیں۔ دونوں ممالک میں متاثرہ مریضوں نے اٹلی کا سفر کیا تھا۔ قطرمیں مزید چار افراد میں وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں بھی کرونا کے 4 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ افریقی ملک سینگال میں کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے اور وہاں پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ دوسری جانب امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی لیباٹریز میں کرونا وائرس کی ویکسین پر مسلسل کام ہو رہا ہے۔