Thursday, April 25, 2024

کرونا وائرس سے چین میں مزید 30 افراد ہلاک

کرونا وائرس سے چین میں مزید 30 افراد ہلاک
March 6, 2020
 بیجنگ (92 نیوز) کرونا وائرس سے چین میں مزید 30 افراد ہلاک ہو گئے۔ چین میں مجموعی ہلاکتیں 3042 ہو گئیں۔ کرونا کے گڑھ چین میں چوبیس گھنٹوں میں تیس افراد ہلاک جبکہ ایک سو چالیس سے زائد متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔ چینی ماہرین نے رواں ماہ کے اختتام تک وائرس پر قابو پانے کی امید ظاہر کر دی۔ دنیا بھر کے اسی سے زائد ممالک میں اب تک ساڑھے اٹھانوے ہزار مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے تین اعشاریہ چار فیصد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح چھپن فیصد سے بھی کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکا میں کرونا وائرس سے مزید ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔ متاثرین کی کل تعداد دو سو بیس سے زائد ہو چکی ہے۔ نائب صدر مائیک پنس نے وائرس ٹیسٹ کٹس کی کمی کا اعتراف کر لیا جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کرونا کے ملکی معیشت پر اثرانداز ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ جنوبی کوریا میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد چھے ہزار تین سو تک جا پہنچی ہے۔ اٹلی میں اب تک اڑتیس سو سے زائد متاثرین اور ڈیرھ سو سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ ایران میں ساڑھے تین ہزار کیسز اور ایک سو آٹھ اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارت میں بھی وائرس اپنے پنجے گاڑ چکا ہے جہاں ڈھائی درجن کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں مریض سامنے آنے کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے ملک میں تیس روز کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی۔