Friday, April 19, 2024

کرونا وائرس سے مزید ایک سو سترہ افراد جان سے گئے

کرونا وائرس سے مزید ایک سو سترہ افراد جان سے گئے
February 21, 2020
 ووہان (92 نیوز) کرونا وائرس کے خطرناک وار جاری ہیں۔ دنیا بھر میں وائرس سے مزید ایک سو سترہ افراد جان سے گئے، ہلاکتیں بائیس سو سینتالیس ہو گئیں۔ چین کے صوبہ ہوبئی میں کرونا وائرس کے 411 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کرونا وائرس کے خوف سے ووہان شہر ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ شہر کی گلیاں اور سڑکیں ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی سنسان پڑی ہیں۔ ایک کروڑ دس لاکھ افراد والے شہر میں 23 جنوری سے ٹرانسپورٹ بند ہے اور لوگوں کو گھروں میں ٹھہرنے کے احکامات ہیں۔ ایران میں بھی مزید 3 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ ایرانی قم شہر میں تمام مذہبی اجتماعات کو معطل کر دیا گیا ۔ دوسری جانب جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز سے نکلنے والے کینیڈین شہری اپنے ملک پہنچ گئے ہیں۔ ووہان سے لوٹنے والے اٹلی کے باشندوں کو دو ہفتے تنہائی میں رکھنے کے بعد کلیئر کردیا گیا جو اب آزادی سے گھوم پھر سکیں گے۔