Tuesday, May 14, 2024

کرونا وائرس سے مزید 94 افراد جاں بحق ، کل تعداد 1112 ہو گئی

کرونا وائرس سے مزید 94 افراد جاں بحق ، کل تعداد 1112 ہو گئی
February 12, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) چین میں کرونا وائرس  سے تباہی جاری ہے ، مزید 94 افراد جان سے گئے ، خبر ایجنسی کے مطابق خطرناک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 112 تک جا پہنچی جبکہ   مزید 1638  افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی جس کے بعد دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 44 ہزار500 سے تجاوز کر گئی۔ خطرناک کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کی کوششیں جاری ہیں ، ووہان میں 3 عارضی اسپتالوں سے کروناوائرس کے 34 افراد کا پہلا بیچ علاج کے بعد فارغ کردیا گیا۔ ادھر کینیڈین شہریوں کو ووہان سے لے کر دوسرا طیارہ اونٹیریو بیس پہنچ گیا ، لائے گئے 185 افراد کو 14 دنوں کیلئے ٹرینٹن میں الگ تھلگ رکھا جائےگا۔ خطرناک کرونا وائرس کے خونی وار جاری ہیں ، چین میں مزید 96 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1112 ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 44787 تک پہنچ گئی جبکہ 4676 مریض مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔ چین میں وائرس پر کنٹرول کرنے کی کوششیں مزید تیز کر دی گئیں، سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان میں 3 عارضی اسپتالوں سے کرونا وائرس کے 34 افراد کا پہلا بیچ علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا، ان عارضی اسپتالوں میں 4 ہزار افراد کو داخل کیا گیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس عدھنم نے کرونا وائرس کو پوری دنیا کیلئے خطرناک قراردے دیا۔ انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ وائرس کے سیمپلز آپس میں شیئر کریں اور ادویات اور ویکسین بنانے میں تیزی لائیں۔  انہوں نے کنفیوژن سے بچنے کیلئے کرونا وائرس سے جنم لینی والی بیماری کا نام کووڈ-19  تجویز کر دیا۔ دوسری جانب ہانگ کانگ میں محکمہ صحت کے سربراہ پروفیسر جبرائیل لیونگ نے خبردار کیا کہ اگر کرونا وائرس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ دنیا میں ساڑھے 4 کروڑ افراد کو ہلاک کر سکتا ہے اور 60 فیصد آبادی متاثر کر سکتا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے قطر کے امیر اور انڈونیشیا کے صدر کو ٹیلیفون پر وائرس پر قابو پانے کیلئے کی جانے والے کوششوں سے آگاہ کیا اور حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔