Thursday, May 9, 2024

کرونا وائرس سے مزید 103 ہلاکتیں ، تعداد 1013 ہو گئی

کرونا وائرس سے مزید 103 ہلاکتیں ، تعداد 1013 ہو گئی
February 11, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) چین میں کرونا وائرس سے مزید 103  افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے،جس کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1013 ہو گئی۔برٹش ائیرویز نے کرونا وائرس کی وجہ سے مارچ تک چین کیلئے پروازیں معطل کر دیں۔ مہلک کرونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا، مزید 103 افراد اس کا شکار ہو گئے، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1013 تک پہنچ گئی، چین میں مزید 2097 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو گئی،عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے نئی صورتحال کو بھیانک قرار دے دیا۔ چین میں کرونا وائرس بے قابو، ہر گزرتے دن کے ساتھ  ہلاکتوں میں اضافہ ہونے لگا ، چینی وزارت صحت کے مطابق چین میں مہلک وبا سے 24 گھنٹوں میں مزید 103 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1013 ہو گئی اور چین میں 2097 نئے کیسزسامنے آنے سے دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار 5 سو تک پہنچ گئی۔ ہانگ کانگ میں ایک عمارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی موجودگی کے بعد موجود افراد کو نکال دیا گیا ہے، ہانگ کانگ میں کرونا وائرس کے 42 کیسز سامنے آ چکے ہیں، دنیا کے 24 ممالک میں 319 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایدھنم نے کرونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے خبردار کردیا، کہتے ہیں وائرس کے دنیا بھر میں نئے کیسز کی تشخیص بھیانک صورتحال کی جانب اشارہ کررہی ہے۔ تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی سربراہی میں بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم بیجنگ پہنچ گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ماہرین کا خیال ہے وائرس اپریل میں گرم موسم شروع ہونے کے بعد ختم ہو جائے گا اور امریکا میں سامنے آنے والے 12 کیسز میں سے اکثر کی حالت بہتر ہے۔ برٹش ائیرویز نے کرونا وائرس کی وجہ سے مارچ تک چین کیلئے پروازیں معطل کر دیں۔ دوسری جانب چینی حکام نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔ ممکنہ متاثرین کی نشاندہی کیلئے ’’کلوز کانٹیکٹ ڈیٹکٹر‘‘ نامی موبائل ایپلیکیشن تیار کر لی جو صارفین کو مطلع کرے گی کہ وہ حال ہی میں کرونا سے متاثرہ کسی شخص کے آس پاس تو نہیں رہے۔