Wednesday, May 8, 2024

کرونا وائرس سے متعلق تکنیکی ماہرین پر مشتمل کورکمیٹی تشکیل دیدی گئی

کرونا وائرس سے متعلق تکنیکی ماہرین پر مشتمل کورکمیٹی تشکیل دیدی گئی
January 29, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے  کرونا وائرس  سے متعلق تکنیکی ماہرین پر مشتمل  کورکمیٹی تشکیل دے دی  ، وفاقی و پارلیمانی  ہیلتھ سیکرٹریز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ اور دیگر ماہرین  کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس  سے متعلق تکنیکی ماہرین پر مشتمل کور کمیٹی تشکیل دے دی جس میں  وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر اللہ بخش ملک،ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجرجنرل عامراکرام ، پارلیمانی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر نوشین حامد ،پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین شامل ہیں ۔ شوکت خانم ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان بھی کمیٹی  کے رکن ہونگے، کور کمیٹی تشکیل دینے  کا مقصد کورونا وائرس کے حوالے سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نطر رکھنا ہے ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاو کیلئے حکومت جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ، کمیٹی  ارکان کو اپنی اپنی زمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ دوسری جانب  ذرائع کے مطابق وزارت قومی صحت کی درخواست پر جاپان نے  پاکستان کو کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، ایک ٹیسٹنگ کٹ کی مالیت دو ہزار امریکی ڈالر،جس سے  پچاس ٹیسٹ ممکن ہو سکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان حکومت کرونا ٹیسٹنگ کٹس 31 جنوری کو پاکستان کیلئے روانہ کرے گی، ٹیسٹنگ کٹس دو فروی کو پاکستان پہنچ جائیں گی۔ دوسری جانب چیئرمین  ریڈ کریسنٹ پاکستان ابرارالحق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق آگاہی مہم میں ہلال احمر پاکستان کے ہزاروں رضاکار حصہ لیں گے۔