Friday, April 26, 2024

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3044 ہو گئی

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3044 ہو گئی
March 2, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3044 تک جاپہنچی ، 79 ہزار 72 مریضوں میں سے45ہزار74  مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں ، امریکا میں وائرس سے دوسری ہلاکت رپورٹ ہوگئی ،جنوبی کوریا میں مزید چار افراد لقمہ اجل بن گئے، اٹلی اور ایران میں مزید کیسز آنے کا سلسلہ بڑھنے لگا ، آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چوتھے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی دو افراد میں کرونا کی تصدیق ہوگئی ۔ چین میں کرونا کا زور ٹوٹ گیا ، چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ بیالیس مریض دم  توڑ چکے ہیں۔ کرونا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے ، اب تک 45 ہزارسے زائد مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ اٹلی میں کرونا متاثرین کی تعداد میں پچاس فیصد اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ، جہاں ایک ہزار سات سو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ، جن میں سے تراسی صحتیاب جبکہ تیس سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں چوبیس گھنٹےکے دوران  مزید چھ سو افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے ، ادھر ایران میں بھی 970 سے زائد متاثرین رپورٹ ہوچکے ہیں ، جن میں سے پچاس سے زائد اپنی زندگی کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ امریکا میں کرونا سے دوسری ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ، ستر سالہ متاثرہ شخص ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کا رہائشی تھا ، ملک بھر میں وائرس متاثرین کی تعداد بھی نوے تک جاپہنچی ہے۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چوتھے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی کرونا کے مریض سامنے آنے لگے ہیں صدر جوکو ودودو نے  دو افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔