Friday, March 29, 2024

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار سے تجاوز

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار سے تجاوز
March 10, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز ) چین سے شروع ہونیوالے مہلک کرونا وائرس  پوری دنیا کو متاثر کرچکاہے ، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ، اٹلی میں ایک ہی دن میں سو ہلاکتوں کے بعد اطالوی وزیر اعظم نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ۔ چین میں اگرچہ کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی ہوئی ہے لیکن مہلک وائرس دنیا کےدیگر ممالک میں پھیلتا جارہا ہے، دنیا بھر میں ہلاکتیں چار ہزار سے بڑھ چکی ہیں ، متاثرہ افراد کی تعداد  ایک لاکھ  چودہ ہزار  سے بھی زائد ہے۔ یورپی یونین کے سبھی ممالک کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ، یورپ بھر میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو سے بڑھ گئی ، کینیڈا میں بھی کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ  ہوچکی ہے ۔ فرانس کے  وزیر ثقافت  فرانک ریسٹر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق  ہوئی ہے جبکہ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں سینٹ  پیٹرک ڈے پریڈ منسوخ کر دی گئی،ایرانی سپریم لیڈر نے بھی اپنی سالانہ تقریر منسوخ کر دی ہے۔ دنیا کے بیشتر  لاکھوں افراد  وائرس کے پیش نظر قرنطینہ میں ہیں ، ڈبلیو ایچ او کے مطابق کرونا وائرس کا وبا کی صورت اختیار کرنے کا خطرہ بڑھ گیا  ہے۔