Thursday, May 9, 2024

کرونا وائرس سے 105 افراد لقمہ اجل بن گئے ، مجموعی ہلاکتیں 1775 ہو گئیں

کرونا وائرس سے 105 افراد لقمہ اجل بن گئے ، مجموعی ہلاکتیں 1775 ہو گئیں
February 17, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) کرونا وائرس کا زور کم پڑنے لگا ،چین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 105 افراد لقمہ اجل بن گئے ، مجموعی ہلاکتیں 1775 جبکہ متاثرین کی تعداد 71 ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہے ، صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی گیارہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ، امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور اٹلی نے جاپانی بحری جہاز پر محصور اپنے شہری نکالنا شروع کر دیے ۔ دنیا کو دہشت زدہ کرنے والے چین کے کرونا وائرس کا زور کم ہونے لگا، مسلسل تیسرے روز بھی ہلاکتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران 105 کرونا متاثرین زندگی کی بازی ہارے ہیں ، جن میں سے سو کا تعلق صرف وائرس کے گڑھ صوبہ ہیوبے سے تھا ، گذشتہ روز تائیوان میں بھی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ چین سمیت 28 ممالک میں متاثرین کی کُل تعداد اکہتر ہزار تین سو سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں سے گیارہ ہزار سے زائد کرونا کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوچکے ہیں۔ امریکا نے جاپان کے ساحل پر لنگرانداز بحری جہاز میں موجود اپنے تین سو شہری نکال لیے ہیں، جنہیں مزید چودہ روز تک تنہائی میں رہنا پڑے گا جبکہ کینیڈا اور اٹلی بھی اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے بھی کروز پر اپنے دو سو سے زائد شہریوں کو نکالنے کا اعلان کردیا، جنہیں چودہ روز تک ڈاروِن میں رکھا جائے گا،، جبکہ کرسمس آئی لینڈ میں چین سے لائے گئے افراد کو اب اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔