Wednesday, May 8, 2024

کرونا وائرس بے قابو ، ہلاکتوں کی تعداد 132 ،6ہزار سے زائد متاثر

کرونا وائرس بے قابو ، ہلاکتوں کی تعداد 132 ،6ہزار سے زائد متاثر
January 29, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) دنیا بھر میں کرونا وائرس  بے قابو ہو گیا ، مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 132 ہو گئی جب کہ 6000 سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں ۔  متعدد ممالک نے چین کے شہر ووہان سے اپنے باشندے نکالنا شروع کر دیے ،  چین سمیت 19 ممالک کے لوگ وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس کے حملے جاری ہیں جنہوں نے  پوری دنیا کو خوف کی لہر اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے ، موذی وبا مزید 26 انسانوں کو لقمہ اجل بنا چکی ہے جن میں سے 25 کا تعلق وائرس کے گڑھ صوبہ ہیوبی سے ہے ، عالمی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد چھ ہزار سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ چینی حکام کے مطابق 65 ہزار 537 مشتبہ کیسز کا سراغ لگایا جاچکا ہے جن میں سے 59 ہزار 990 کی طبی نگرانی کی جارہی ہے۔ مہلک وائرس چین سے باہر بھی تیزی سے پھیل رہا ہے ، امریکا، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اور سنگاپور سمیت سترہ ممالک میں ستر سے زائد وائرس متاثرین کی تشخیص ہوچکی ہے۔ متعدد ممالک نے ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالنا شروع کردیا ہے ، جاپان کی خصوصی چارٹر پرواز دو سو چھ شہریوں کو لے کر ٹوکیو پہنچ گئی ، ان  افراد میں سے چار کو بخار اور گلا خراب کی شکایت پر فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ آسٹریلیا نے بھی نیوزی لینڈ کے ساتھ مل کر اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے مشترکہ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ، وزیراعظم اسکاٹ موری سن کے مطابق نکالے گئے تمام افراد کوچودہ روز تک  کرسمس آئی لینڈ میں رکھا جائے گا ، جس کا مقصد ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے۔ کرونا کی روک تھام کیلئے چین کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی کوششیں شروع کردی ہیں، آسٹریلین سائنسدانوں نے وائرس تخلیق کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کا مقصد اس کیلئے مؤثر ویکسین تیار کرنا ہے۔