Thursday, March 28, 2024

کرونا نے پاکستان کا رخ کرلیا، کراچی اور اسلام آباد میں دو کیسز رپورٹ

کرونا نے پاکستان کا رخ کرلیا، کراچی اور اسلام آباد میں دو کیسز رپورٹ
February 27, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) کرونا نے پاکستان کا رخ بھی کرلیا ، کراچی اور اسلام آباد میں دو کیسز رپورٹ ہو گئے ، دونوں متاثرین چند روز قبل ایران سے واپس پہنچے ، بائیس سالہ یحییٰ کراچی کے نجی اسپتال  جب کہ  اسکردو کا رہائشی رضا حسین پمز میں داخل ہوا  ۔  دونوں کی صحت اطمینان بخش قرار دے دی گئی ، دونوں متاثرین کے قریبی افراد اور ہمراہ سفر کرنے والوں کے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ادھر ایران ایئر کی پرواز کراچی پہنچ گئی۔ ادھر  ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ  اگر آپ حال ہی میں چین، ایران یا کسی متاثرہ مُلک سے لوٹے ہیں اور کھانسی، زکام یا سانس میں اکھڑن ہے تو 1166 پر ضرور رابطہ کریں ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ میں احتیاط لازمی قرار دے دی ،  یاد دہانی کرائی کہ وائرس کے 97 فیصد مریض پوری طرح صحت یاب ہوجاتے ہیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے رہے تو ہم وائرس کے ملک میں زیادہ پھیلاؤ کو روک سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  حال ہی میں چین اور ایران سمیت متاثرہ ممالک کا سفر کرنے والوں کو کھانسی، زکام یا سانس میں اکھڑن کی صورت میں 1166 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کردی ۔ ادھر وزارت صحت کی  نااہلی  سامنے آگئی ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سرجیکل ماسک کی شدید قلت 300 روپے والا ڈبہ 1200 روپے تک پہنچ گیا ، ینگ ڈاکٹرز نے بھی حفاظتی سامان نہ ملنے کی شکایت کردی  ۔ صدر وائے ڈی اے اسلام آباد ڈاکٹر فضل نے بتایا کہ ہم تین دن سے مسلسل پمز انتظامیہ سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن   ڈیوٹی ڈاکٹرز و دیگر عملہ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک اور دیگر ضروری اشیا مہیا نہیں کی گئیں ،  کسی بھی ڈاکٹر کو نقصان پہنچا تو پمز انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرایں گے۔ سعودی عرب نے وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ پر آنے والوں کا داخلہ عارضی طور پر معطل کردیا ، سول ایوی ایشن کے ذرائع نے تصدیق کی کہ  پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کو روک دیا گیا ۔ آج 90  عمرہ زائرین غیر ملکی پرواز ای وائی 232 پر عمرہ کیلئے سعودی عرب جا رہے تھے جنہیں اف لوڈ کردیا گیا۔وزٹ ویزہ والے مسافر بھی سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔