Friday, March 29, 2024

کرونا نے مزید 113 افراد کی جان لے لی، تعداد 2360 ہوگئی

کرونا نے مزید  113 افراد کی جان لے لی، تعداد 2360 ہوگئی
February 24, 2020
ووہان (92 نیوز) خطرناک کرونا وائرس سے مزید 113 افراد ہلاک ہوگئے، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار تین سو ساٹھ جبکہ متاثرین کی تعداد ستتر ہزار سے تجاوز کر گئی۔ کرونا وائرس کے ہلاکت خیز حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 110 سے زائد افراد لقمۂِ اجل بن گئے۔ وائرس کے باعث ہونے والی مجموعی ہلاکتیں ساڑھے 23 سو سے بھی تجاوز کر چکی ہیں۔ کرونا کے متاثرین کی تعداد بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ تاہم چین کی حد تک پھیلاؤ کی شرح میں کافی کمی آ چکی ہے۔ گزشتہ روز چین بھر میں صرف 400 کے لگ بھگ نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 21 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ایک شخص ہلاک جبکہ 16 متاثر ہوئے ہیں، جن میں 5 طبی ورکرز بھی شامل ہیں۔ حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے چین کی طرز پر کئی قصبوں میں نقل وحمل اور دوسری سرگرمیاں معطل کر دیں۔ ایران میں وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ لبنان میں بھی وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔ امریکا میں کرونا وائرس کے 20 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا کے متاثرین کی تعداد 200 سے زائد جبکہ جاپان میں 100 سے تجاوز کر چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھنم نے دنیا سے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ کرونا کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔