Friday, May 17, 2024

کرونا مزید 249 زندگیاں نگل گیا ، ہلاکتوں کی تعداد 1367 ہو گئی

کرونا مزید 249 زندگیاں نگل گیا ، ہلاکتوں کی تعداد 1367 ہو گئی
February 13, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) مہلک وائرس کرونا بے قابو ہو گیا، مزید 249 افراد کو نگل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1367 تک پہنچ گئی، مزید 15 ہزار کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ کرونا وائرس نے چین کے صوبہ ہوبئی میں قیامت برپا کر دی ، ایک دن میں ڈھائی سو کے قریب افراد جان سے گئے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کرونا وائرس سے صوبہ ہوبئی میں مزید 249 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور مہلک وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1367 ہو گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 15 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے  جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 5 ہزار 9 سو تریپن افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا۔ ووہان میں طبی سٹاف بھی کرونا وائرس کے حملوں سے نہ بچ سکا اور ہیلتھ ورکرز میں ایک ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔  وائرس کے پھیلاو نے ہیلتھ ورکرز میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ڈبلیو ایچ او ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھنم نے وائرس پر دو روزہ میٹنگ کے اختتام پر کہا کہ گو مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی صحتیابی کی شرح بہترہوئی ہے لیکن پھیلاو کا خطرہ ابھی تک نہیں ٹلا۔ ڈبلیو ایچ او پروگرام کے وائرس کنٹرول کمیٹی کے سربراہ مائیک ریان نے ہوبئی صوبے سے باہر وائرس کے کم پھیلاؤ کو خوش کن قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک کو وائرس سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دے ڈالا۔ چینی قیادت کی طرف سے کووڈ-19 کے پھیلاو کو روکنے کی کوششیں جاری ہے ،  چینی صدر کی زیر صدرات کمیونسٹ پارٹی کی پولٹ بیورو کا اجلاس ہوا۔ جس میں متاثرہ علاقوں میں مہلک وبا کو کنٹرول کرنے ، ادویات اور روزمرہ ضرورت کی اشیا کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ حکومتی کوششوں کی وجہ سے ہوبئی صوبے سے باہر وائرس کے پھیلاو میں مسلسل 8 دنوں سے کمی آئی ہے۔ دوسری جانب اوورسیز چینی باشندوں نے کرونا وائرس سے متاثرین کی دل کھول کر امداد کی۔ مصر، ساوتھ افریقہ اور امریکا میں موجود چینی شہری طبی سامان، حفاظتی لباس اور ماسک خرید کر ووہان بھیج رہے ہیں۔