Sunday, May 12, 2024

کرونا سے چین میں مزید 98 افراد ہلاک، مجموعی اموات 1873 ہوگئیں

کرونا سے چین میں مزید 98 افراد ہلاک، مجموعی اموات 1873 ہوگئیں
February 18, 2020
ووہان (92 نیوز) کرونا وائرس سے چین میں مزید 98 افراد ہلاک ہوگئے، دنیا بھر میں اموات 1873 ہوگئیں، 1886 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرین کی تعداد 73 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی۔ دنیا بھرمیں دہشت پھیلانے والے کرونا کا زور تھمنے لگا، چین میں مسلسل چوتھے روز بھی کم اثرات نوٹ کیے گئے۔ کرونا کی وجہ سے چین میں مزید اٹھانوے افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں وائرس کے گڑھ ووہان کے ایک اسپتال کے ڈائریکٹر لیو زیمنگ بھی شامل ہیں، اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ سو تہتر ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وائرس متاثرین کی تعداد بھی کم ہورہی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار آٹھ سو چھیاسی نئے کیسز رپورٹ کیے گئے، دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد تہتر ہزار تین سو سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں سے بارہ ہزار سات سو سے زائد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ چینی ماہرین نے وائرس کا نیا علاج ڈھونڈنے کا دعویٰ کیا ہے، جس میں صحتیاب ہونے والے افراد کا پلازما استعمال کیا جارہا ہے،، چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے تمام صحتیاب ہونے والے افراد سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کردی ہے۔ جاپان کے ساحل پر لنگر انداز بحری جہاز میں موجود افراد کو نکالنے میں ایک روز رہ گیا، جس پر موجود افراد میں سے چار سو چون میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔