Wednesday, May 8, 2024

کرونا سے چین میں مزید 86، امریکا میں ایک ہلاک، تعداد 724 ہوگئی

کرونا سے چین میں مزید 86، امریکا میں ایک ہلاک، تعداد 724 ہوگئی
February 8, 2020
ووہان (92 نیوز) کرونا وائرس کے جان لیوا حملے جاری ہیں۔ وائرس نے ایک امریکی شہری کی بھی جان لے لی۔ چین میں مزید 86 افراد لقمۂِ اجل بن گئے، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 724 ہوگئیں۔ متاثرین کی تعداد بھی بڑھتے بڑھتے 35 ہزار کے قریب جا پہنچی۔ خطرناک کرونا وائرس کے ہلاکت خیز وار جاری ہیں، چین میں مزید 86 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے، کرونا سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 722 اور دنیا بھر میں 724 ہو گئی۔ چین میں قائم امریکی سفارتخانے کے مطابق نئی رپورٹ کی گئی ہلاکتوں میں ایک امریکی شہری بھی شامل ہے، جو کرونا وائرس کے گڑھ ووہان میں ہلاک ہوا۔ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی ہر گزرتے روز کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے، چین میں ساڑھے 34 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے، جبکہ 15 سو اڑسٹھ مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں، چین سے باہر دو درجن ممالک میں اب تک سوا تین سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ووہان کے ایک اسپتال میں 40 ہیلتھ ورکرز بھی وائرس سے متاثر ہو گئے، جن میں سے 10 ہیلتھ ورکرز صرف ایک مریض کے سرجیکل وارڈ میں رابطے میں آنے سے متاثر ہوئے۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنےکی  کوششیں جاری ہیں اور اس کام کیلئے چینی حکام نے روبوٹس کو میدان میں اتار دیا ہے۔ چین کے شہر گونگزو میں باڈی ٹمپریچر چیک کرنے کیلئے روبوٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ روبوٹ کی تیاری سے وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر انسان سے انسان کے رابطے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب حکام نے ووہان میں کئی عمارتوں کو اسپتالوں میں بدل دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ افراد کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ملک بھر سے ہیلتھ ورکر ووہان پہنچ رہے ہیں۔