Thursday, March 28, 2024

کرونا سے مزید 150 افراد جاں بحق، کل تعداد 2619ہو گئی

کرونا سے مزید 150 افراد جاں بحق، کل تعداد 2619ہو گئی
February 24, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) کرونا وائرس کے چین سمیت دیگر ممالک میں حملے جاری ہیں  ، 24 گھنٹوں میں مزید 150 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، مجموعی ہلاکتیں 2619 جبکہ متاثرین کی تعداد 79 ہزار سے تجاوز کرگئی ، چین کے صدر نے موجودہ صورتحال کو بڑی آزمائش قرار دے دیا، خونی وائرس سے ایران میں 8 ، جنوبی کوریا میں 7 افراد مارے جاچکے ہیں، اٹلی میں بھی کرونا پنجے مضبوط کرنے لگا۔ چین میں سر اٹھانے والا کرونا  وائرس پھر سے خطرے کی علامت بن گیا، 11 روز بعد ہی چین میں ہلاکتیں پھر سے بڑھ گئیں ، 150 افراد لقمہ اجل بنے، 161 میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کرونا وائرس کو ایک بحران اور بڑی آزمائش قرار دیا ہے، انھوں نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے طبی عملے اور انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔ چین کے بعد سب سے زیادہ اموات ایران میں ریکارڈ کی گئی ہیں جہاں اب تک آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی چالیس سے تجاوز کرگئی ہے۔ چین کے ہمسائیہ ملک جنوبی کوریا کی صورتحال بھی تشویشناک ہوچکی ہے ، جہاں اب تک سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایک سو ساٹھ سے زائد نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی تعداد سات سو ساٹھ سے بھی بڑھ گئی ہے۔ یورپی ملک اٹلی بھی کرونا سے شدید متاثر ہورہا ہے جہاں تین افراد مارے جاچکے ہیں اب تک ایک سو پچاس سے زائد افراد میں کرونا کی تشخیص بھی ہوچکی ہے۔