Monday, May 13, 2024

کرونا دنیا بھر کیلئے خطرہ، چین میں ہلاکتیں 304 تک جا پہنچیں

کرونا دنیا بھر کیلئے خطرہ، چین میں ہلاکتیں 304 تک جا پہنچیں
February 2, 2020
ووہان (92 نیوز) چین سمیت پوری دنیا کرونا وائرس کے خطرے سے دو چار ہے، چین میں ہلاکتوں کی تعداد 304 ہو گئی، 14380 افراد وائرس سے متاثر ہوگئے، فلپائن میں بھی ایک شخص وائرس سے ہلاک جبکہ بھارت میں ایک اور کیس سامنے آ گیا۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا نے چین سے آنے والے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ کرونا وائرس کے خوفناک حملے سے چین سمیت پوری دنیا لرز گئی۔ چینی حکام کی تمام تر کوششوں کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا۔ چین کے سینٹرل بینک نے معیشت میں 173 ارب ڈالر ڈالنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلنے سے نمٹنے میں مدد ملے۔ ووہان میں بنایا جانے والا ایک ہزار بیڈز کا اسپتال مکمل ہو گیا ہے اور اسے ہیلتھ ورکرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسپتال میں 14 سو فوجی طبی ماہرین کام کریں گے۔ چینی شہر وینزو بھی کڑی پابندیوں کی زد میں آ گیا ہے۔ شہر میں لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔ حکام نے سڑکیں بند کر دی ہیں، جبکہ ہوان گینگ شہر میں 6 سرکاری ملازمین کو ناقص کارکردگی پر برطرف کر دیا گیا۔ چین سے باہر کرونا وائرس سے ہلاکت کا پہلا کیس بھی سامنے آیا ہے۔ فلپائن میں ایک چینی شخص کرونا وائرس سے ہلاک ہوا ہے۔ بھارت میں بھی وائرس کا دوسرا کیس سامنے آ گیا ہے۔ امریکا میں وائرس کا آٹھواں کیس رپورٹ ہو گیا۔  سعودی عرب اور عمان کی  ایئر لائنز نے چین کے لیے اپنی پروزایں منسوخ کر دی ہیں۔ ادھر امریکا، آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا نے بھی چین سے آنے والے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ جنوبی کوریا میں موجود امریکی فوج نے حال ہی میں چین کا سفر کرنے والے فوجیوں کو 14 روز تک الگ تھلگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب قازقستان نے ووہان سے اپنے 83 شہریوں کو نکال لیا ہے۔ ان میں زیادہ تر طالب علم شامل ہیں۔ شہریوں کو الگ تھلگ رکھا جائے گا اور ٹیسٹ کیے جائے گے۔ سعودی عرب نے بھی ووہان سے اپنے 10 شہریوں کو نکال لیا ہے، جبکہ جرمنی نے ووہان سے اپنے 100 شہری فرینکفرٹ منتقل کر دیئے ہیں۔