Friday, April 19, 2024

کرنٹ لگنے سے کراچی میں مزید تین افراد جاں بحق ، ہلاکتیں نو ہو گئیں

کرنٹ لگنے سے کراچی میں مزید تین افراد جاں بحق ، ہلاکتیں نو ہو گئیں
August 11, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں  کرنٹ لگنے سے مزید تین افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ  ہلاکتوں کی کل تعداد نو ہو گئی ۔ کراچی میں چوبیس گھنٹو کے دوران کرنٹ سے ایک خاتون سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے، ڈیفنس خیابان شہباز میں دل دہلا دینے والا واقعہ میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو کرنٹ لگ گیا، مدد کو آنے والا شہری بھی کرنٹ کی زد میں آگیا۔ دردناک، المناک واقعے میں تینوں نوجوانوں کی موت واقع ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں پچیس سالہ فیضان سلیم، اٹھائیس سالہ حمزہ اور تیس سالہ طلحہٰ شامل ہیں۔ کراچی کے ہی علاقے پیرآباد میں کرنٹ لگنے سے خاتون، کھارادر میں 35سالہ عمر اور اورنگی میں پچیس سالہ شہباز زندگی کی جنگ ہارگئے۔ بھینس کالونی میں شہباز حسین، سولجر بازار میں سترہ سالہ کیف اور راشد منہاس روڈ کے قریب پچیس سالہ احسان اللہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا جبکہ بھٹہ ویلیج میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ ادھر حیدرآباد میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب  آگئے  ۔ تونسہ میں رودکوہی کے سیلابی ریلے میں اسکول سمیت کئی مکانات بہہ گئے ، ٹھٹھہ میں طوفانی بارش  سے پانی گرڈ اسٹیشن مکلی میں داخل ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے سندھ میں آج رات تک تیز بارش اور کل بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔ ادھر سیالکوٹ کے علاقہ اگوکی  میں دھبولہ بستی میں  بھی بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 65 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ایک ہی روز میں کرنٹ لگنے سے چار سالہ بچے سمیت 3افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔