Saturday, April 20, 2024

کرنٹ سے شہریوں کی ہلاکت پر کے الیکٹر ک کیخلاف مقدمہ درج

کرنٹ سے شہریوں کی ہلاکت پر کے الیکٹر ک کیخلاف مقدمہ درج
August 13, 2019
کراچی ( 92 نیوز) شہریوں کی کرنٹ لگنے سے ہلاکت پر کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حالیہ بارشوں کے باعث ڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق تینوں افراد کے ورثہ نے مئیر کراچی وسیم اختر کی موجودگی میں درخشاں تھانے میں ایف آئی آر درج کرالی ،  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بارشوں میں کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق دیگر افراد کی ایف آئی آر بھی درج جائیگی۔ دو روز قبل بارش کے دوران ڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق تینوں افراد کے ورثہ نے مئیر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ درخشاں تھانے میں ایف آئی آر درج کرالی۔ ایف آئی آر کے الیکٹرک کے مالک عارف نقوی، سی او مونس عبداللہ علوی، چئیرمین  اکرام سہگل اور دیگر کے خلاف درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں درج کیا گیا کہ ملزمان کی غفلت سے تین افراد ہلاک ہوئے ان کے خلاف زیر دفعہ 322، 34/ 268 کے تحت کارروائی کی جائے جبکہ کے الیکٹرک کے ان تین اعلی افسران کے خلاف یہ پہلی ایف آئی آر ہے  جس کو درج کرانے کے لئے مئیر کراچی کو 6 گھنٹے  درخشاں تھانے میں رہنا پڑھا۔ ۔مئیر کراچی وسیم اختر نے ان جوانوں کی ہلاکت کی ایف آئی آر درج کرانے میں  ورثاء کی مدد کی، پولیس نے ورثاء کو گھر سے بلا کر ایف آئی آر درج کرائی۔ مئیر کراچی وسیم اختر  نے درخشاں تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا  جاں بحق ہونے والوں کی موت پر سیاست نہیں شہریوں کو انصاف دلانا مقصد ہے، میں مئیر کراچی کی حیثیت سے ہلاک شہریوں کے ورثاء کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری کے الیکٹرک کی غفلت سے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، کے الیکٹرک کی غفلت سے  جاں بحق 33 افراد میں سے 16 بچے ماں باپ کے اکلوتے تھے۔ وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ  جاں بحق ہونے والے باقی افراد کے  ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی، ان ایف آئی آر کی روشنی میں  سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جائےگا، کراچی کے شہریوں کو یتیم نہیں  چھوڑا جاسکتا۔