Friday, May 10, 2024

کرنسی سمگلنگ کیس ، ملزمہ ایان علی ایک بار پھر عدالت پیش نہ ہو سکیں

کرنسی سمگلنگ کیس ، ملزمہ ایان علی ایک بار پھر عدالت پیش نہ ہو سکیں
February 15, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز)  کرنسی سمگلنگ کیس میں ملزمہ ایان علی ایک بار پھر عدالت پیش نہ ہو سکیں ۔  عدالت نے ملزمہ کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے ملزمہ سے متعلق جاری اشتہار کی رپورٹ جمع کرائی۔ دوران سماعت جج نے ریمارکس دیئے کہ 3 سال ہو گئے ملزمہ پیش نہیں ہوئیں۔ وکیل نے بتایا کہ ایان علی کی طبعیت ناساز ہے۔ مارچ تک کا وقت دیں حاضر ہو جائیں گی۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ بار بار تاریخیں لینے کے بجائے ان کے حکم کے خلاف حکم امتناع لے آئیں۔ ملزمہ کبھی اومان اور کبھی دبئی جاتی ہیں۔ عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوتیں۔ ملزمہ دوبارہ پیش نہ ہوئیں تو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔ عدالت نے ایان علی کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔ دونوں ضامنوں کو دوبارہ طلبی کا نوٹس بھی ہو گیا۔ سماعت 9 مارچ کو دوبارہ ہو گی۔