Friday, May 17, 2024

کرفیو کے باوجود کشمیر میں مظاہرے ، قابض فوج کا تشدد، کئی مظاہرین زخمی

کرفیو کے باوجود کشمیر میں مظاہرے ، قابض فوج کا تشدد، کئی مظاہرین زخمی
September 14, 2019
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کا 41 واں روز ہے، پابندیوں کے باوجود کئی مقامات پر مظاہرے کئے گئے، بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس کے باعث کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بدترین پابندیوں کی آہنی دیوار کے باعث مظلوم کشمیری اپنے ہی گھروں میں قیدیوں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، 5اگست سے جاری کرفیو کے باعث مظلوم کشمیریوں کومسلسل چھٹے ہفتے بھی نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔ سری نگر کی جامع مسجد سمیت کئی چھوٹی، بڑی مساجد کے باہر بھارتی فوجی تعینات رہے۔ کاروباری طبقے کو 5 اگست کے بعد سے 39 ارب روپے کا ناقابل تلافی نقصان ہو چکا ہے۔ بدترین کرفیو سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈیسٹریز کے مطابق 5 اگست کے بعد سے کاروباری طبقے کو 39 ارب روپے کا ناقابل تلافی نقصان ہو چکا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں تاحال مواصلاتی بلیک آئوٹ ہے، کشمیریوں کا رابطہ دنیا بھر سے کٹ چکا ہے، انسانی بحران بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہو چکی ہے، یہاں تک کہ جان بچانے والی ادویات بھی میسرنہیں۔ ادھر ایران کے شہر مشہد میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ ہوا۔