Friday, April 26, 2024

کرفیو کے باعث محصور کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

کرفیو کے باعث محصور کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
August 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کرفیو کے باعث محصور کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو تاحال برقرار، مکمل تالا بندی، مواصلاتی نظام بند، خوراک ادویات کی شدید قلت ہے۔ حریت قیادت اور ہزاروں معصوم پابند سلاسل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا انسانی المیہ پیدا ہو چکا ہے۔ بھارت دوغلی پالیسی رکھتا ہے۔ بیرونی دنیا میں مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ، ہندوستان میں یکطرفہ معاملہ کہتا ہے۔ بھارت کے کہنے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا تنازعہ کشمیر داخلی معاملہ نہیں، بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہا بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستانی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ، افغان طالبان مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، امید ہے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ امریکہ اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیلئے تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی کی فراہمی کے حوالے سے بھارتی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی بڑی واضح ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں۔