Friday, April 19, 2024

کرفیو نے جنت نظیر کو ساتویں روز بھی قید خانہ بنائے رکھا

کرفیو نے جنت نظیر کو ساتویں روز بھی قید خانہ بنائے رکھا
August 11, 2019
سرینگر ( 92 نیوز)  مقبوضہ کشمیر میں ساتویں روز بھی کرفیو  کا راج ظالم بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کو قید خانہ بنا ڈالا، بھارتی اپوزیشن نے حکومت سے آل پارٹیز وفد مقبوضہ وادی میں بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد وادی بھر میں ساتویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، مواصلاتی نظام بند ہونے کی وجہ سے مقبوضہ وادی کا رابطہ پوری دنیا سے کٹ چکا ہے، وادی کے چپے چپے پر بھارتی فوجی تعینات ہیں جس نے وادی کو دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بنا ڈالا ہے۔ احتجاجی مظاہروں سے خوفزدہ بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ سمیت  مقبوضہ کشمیر کی تمام سیاسی قیادت کو  گھروں میں نظر بند یا پابند سلاسل کر دیا ہے۔ مسلسل کرفیو نے وادی میں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا کر دی ہے،بچے دودھ اور بزرگ دوائیوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی کانگریس پارٹی کا ورکنگ کمیٹی کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کی خرابی کے باعث روک دیا گیا ، راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد ہو رہا ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت سے آل پارٹیز وفد مقبوضہ وادی میں بھیجنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔