Sunday, May 5, 2024

کرفیو اور پابندیاں، جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر کو جیل بنے آج 28 واں دن ہے

کرفیو اور پابندیاں، جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر کو جیل بنے آج 28 واں دن ہے
September 1, 2019
سرینگر (92 نیوز) جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر کو جیل بنے آج 28 واں دن ہے ۔ علاقے میں غذائی بحران، ادویات کی قلت اور چپے چپے پر بھارتی فوجی تعینات ہے۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی۔ جنت نظیر وادی دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بن گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جبر کے نئے ریکارڈ بنا دیے۔ کشمیریوں کا سب کچھ داو پر لگ گیا۔ مسلسل کرفیو اور مواصلاتی بندش نے ہزاروں طالب علموں کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا۔ کشمیری طالب علم جیند رفیق کا غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب سے کرفیو لگا ہے اس کا پڑھائی میں دل نہیں لگتا۔ کشیدہ ماحول کی وجہ سے وہ پڑھ نہیں پاتے۔ کشمیری بچی مہوش کا کہنا تھا کہ ابھی اس کے پیپر باقی تھے کہ کرفیو لگ گیا جس سے پیپر کینسل ہو گئے۔ دوسری بچی مہک کا کہنا تھا کہ اس کے بورڈ کے امتحانات ہیں لیکن کرفیو کی وجہ سے وہ اچھی طرح نہیں پڑھ پا رہی۔ کشمیری طالب علم انسب نصیر نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ وہ کشیدگی بچپن سے دیکھتے آ رہے ہیں اور ان کے پانچ چھ سال ایسے ہی ضائع ہوئے ہیں۔ دوسری جانب بھارت اور بنگلہ دیش میں زیر تعلیم کشمیری طالب علموں کی زندگیاں کرفیو اور مواصلاتی نظام کی بندش نے اجیرن بنا دی ہیں۔ جہاں وہ اپنے پیاروں سے رابطہ نہیں کر پا رہے وہیں ان کے پاس پیسے بھی ختم ہو چکے ہیں۔