Thursday, March 28, 2024

کرس گیل نے کراچی کو فائنل فورمرحلے میں پہنچا دیا

کرس گیل نے کراچی کو فائنل فورمرحلے میں پہنچا دیا
February 27, 2017

دبئی (ویب ڈیسک) پاکستان سپرلیگ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کراچی کنگز نے 124 رنز کا ہدف 4وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ کراچی کنگز کی جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کا کھیل ختم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے کرس گیل کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 124 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کرس گیل نے 17گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں 5چھکے اور 2چوکے شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی اور 7وکٹوں کے نقصان پر 123رنز بنائے۔ بارش کے باعث میچ پندرہ، پندرہ اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیرن اسمتھ نے شاندار 49رنز بنائے، ہیڈن 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، عثمان خان اور سہیل خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پولارڈ نے عمدہ فیلڈنگ کرتے ہوئے 4کیچ پکڑے۔ کراچی کنگز کے بابراعظم نے 27 اور پولارڈ نے ناقابل شکست 20رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد عرفان سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پی ایس ایل کا پہلا کوالیفائینگ فائنل کل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا۔