Tuesday, April 23, 2024

کرتارپور راہداری کا افتتاح ، بھارتی وزیر خارجہ کی تقریب میں آنے سے معذرت

کرتارپور راہداری کا افتتاح ، بھارتی وزیر خارجہ کی تقریب میں آنے سے معذرت
November 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی حکام کو دعوت دی ہے ۔ بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو شرکت کی دعوت دی گئی ۔ سشما سوراج نے  شکریہ کے بعد تقریب میں آنے سے معذرت کر لی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خیرسگالی کا پیغام جاری کیا اور کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری  کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقرب میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ اس کے بعد بھارتی وزیرخارجہ نے ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا اور  تقریب  میں شرکت سے معذرت کر لی اور کہا میری جگہ  بھارتی وزیر خوراک مسز ہرسمرت کور اور وزیر ہاوسنگ ہردیپ سنگھ پوری شرکت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ باضابطہ دعوت کیلئے دعوت نامے بھی ارسال کر دیے ہیں۔ پاکستان کا مثبت طرز عمل اور خلوص نیت پوری دنیا کے سامنے ہے۔ وزیراعظم نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنی اولین تقریر میں بھی بھارت کو مل بیٹھنے کی دعوت دی تھی، اور وہ آج بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کرتارپور راہداری  کا سنگ بنیاد رکھنے پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک میں عوامی رابطوں پر زور دیا۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری پاکستان اور بھارتی عوام کے درمیان پل ثابت ہو گی۔