Thursday, April 25, 2024

کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا، عاطف مجید

کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا، عاطف مجید
September 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) کرتارپور راہداری منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عاطف مجید نے کہا کہ کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا،ابتدائی مرحلے میں 5 ہزار، بعد ازاں 10 ہزار یاتریوں کی آمد اور رہائش ہوگی،انہوں نے کہا 5ہزار یاتریوں کے داخلے اور خروج کیلئے 76 امیگریشن کائونٹرز بنائے گئے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کرتارپور راہداری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال 28 نومبر کومنصوبے کا سنگ بنیاد رکھاتھا ، گوردوارہ دربار صاحب 42 ایکڑ اراضی پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا گوردوارہ ہے۔ منصوبے کا 86 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ،باقی ماندہ تعمیراتی کام 45 دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ کرتارپور راہداری پر شب و روز 24 گھنٹے کام جاری ہے ، بھارت سے یاتری 9 نومبر سے آنا شروع ہوجائیں گے ،بھارت سے 10 ہزار یاتریوں کی آمدورفت کے لئے کل 152 کائونٹر بنائے گئے ہیں،بارڈر ٹرمینل زیرو پوائنٹ سے 350 میٹر پر تعمیر کیاگیا ہے ،ٹرمینل کے باہر بسوں کے ذریعے یا پیدل گردوارہ تک یاتریوں کو لایا جائے گا۔ عاطف مجید نے مزید کہا کہ دریائے راوی کا رخ موڑنے کے لئے ایک نہر نکالی گئی ہے پہلے مرحلے میں یاتریوں کے لئے جدید سہولیات سے مزین ٹینٹ ویلیج بنا رہے ہیں،تعمیراتی ایریا 10 لاکھ مربع فٹ پر محیط ہے، ساڑھے 3سالہ منصوبہ صرف 10 ماہ میں مکمل کیاگیا ہے ،ہر پاکستانی اور بھارتی سکھ یاتری فنگر پرنٹس کے بعد گردوارہ میں داخل ہوسکے گاپیدل یاتریوں کے لئے گزرگاہ بھی تعمیر کی گئی ہے۔