Monday, May 6, 2024

کرتار پور کے بعد بھارتی ہندویاتریوں کی کٹاس راج آمد، مذہبی رسومات ادا کیں

کرتار پور کے بعد بھارتی ہندویاتریوں کی کٹاس راج آمد، مذہبی رسومات ادا کیں
February 22, 2020
کٹاس راج (92 نیوز) کرتار پور کے بعد بھارتی ہندویاتری اپنے مذہبی مقام کٹاس راج پہنچ گئے، مذہبی رسومات ادا کیں۔ ہندؤیاتریوں نے امن اور بھائی چارہ کے حوالے  سے پاکستان کو بہترین ملک قرار دے دیا۔ بھارت سے آئے ہوئے ہندؤ یاتریوں نے اپنے مذہبی مقام کٹاس راج میں دوروزہ قیام کےدوران شیو جی اور ہنو مان کے علاوہ ستگھڑہ کے مندروں میں پوجاکی اور مقدس تالاب امرت کُنڈ میں اشنان کیا۔ اس موقع پر آنے والے وفد کے جذبات دیدنی تھے۔ وفد کے سربراہ سنیل کمار کھنہ نے پاکستانی میڈیا بالخصوص 92 چینل کی سماجی خدمات کو سراہا۔ ہندؤ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام سے جو پیار ملا وہ کبھی نہیں بھلائیں گے کمسن سنجیو شرما کا کہناتھا کہ ہمیں پاکستان کے حالات سے ڈرایا گیا لیکن ہم نے یہاں آکر بہت پیار ملا۔ قبل از مسیح تاریخ کے حامل کٹاس راج میں نہ صرف ہندؤ مذہب کی تاریخ موجود ہے بلکہ یہاں سکھ مذہب اوراسلام کی تہذیب بھی موجود ہے ۔ ہندو یاتریوں نے یہاں سیکیورٹی کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستانی اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ہندو یاتری اپنے دوروزہ قیام کے بعد واپس لاہور روانہ ہوگئے جہاں سے وہ کل وطن واپس چلے جائیں گے۔