Friday, April 19, 2024

کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی

کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی
October 2, 2019
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز) کرتار پور راہداری کے افتتاح کے حوالے سے وزارت داخلہ ،حکومت پنجاب اور متعلقہ ضلعی حکومتوں نے معاملات کو حتمی شکل دے دی ۔9نومبر کو افتتاحی تقریب  منعقد کی جائے گی ۔ کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں حکومت پاکستان سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو،بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ اوران کی کابینہ ، انگلینڈ اور کینیڈا کے سکھ وزراء سمیت ساڑھے 10ہزار افراد کی میزبانی کرے گی۔آٹھ ہزار سکھوں کا تعلق صرف بھارت سے ہو گا،رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی ۔

پاکستان ساڑھے 10 ہزار افراد کی میزبانی کریگا

ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو او نے 80کروڑ روپے ڈپٹی کمشنر نارووال کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دئیے ، یہ رقم کرتار پور راہداری کے لئے خریدی جانے والی 1400ایکڑ اراضی کے مالکان کو ادا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق راہداری کی افتتاحی تقریب سے قبل نگر کیرتن کے دو جلوس ننکانہ صاحب پہنچیں گے ، پہلا جلوس اندرون سندھ سے 13اکتوبر کو ننکانہ صاحب جبکہ دوسرا جلوس نئی دہلی سے 29 اکتوبر کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 3گروپس سمیت صرف بھارت سے سکھوں کے 23گروپس کو ویزا جاری کرنے کی ہدایات پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کو جاری کر دی گئی ہیں۔

کرتار پور راہداری ،بھارت کا سروس فیس کی شق شامل کرنے سے انکار

تین ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو پروٹوکول کے تحت جبکہ امریکہ، کینیڈا، یورپ، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 500سکھ یاتریوں کو سیاحتی ویزے جاری کئے جائیں گے ۔ 5ہزار یاتری پاسپورٹس جمع کرانے کے بعد راہداری کارڈ کے ذریعے تقریب میں شریک ہوں گے ۔ اندرون ملک سے بھی 500سکھ یاتریوں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں پاکستان میں تعینات سفیروں ، قونصلیٹ، ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔