Friday, March 29, 2024

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، عرفان صدیقی چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، عرفان صدیقی چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل
July 27, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سابق مشیر وزیر اعظم عرفان صدیقی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔

تھانہ رمنا پولیس نے سابق مشیر وزیر اعظم عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کے تحت گزشتہ رات گھر سے گرفتار کیا۔ عرفان صدیقی کو مجسٹریٹ مہرین بلوچ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے سابق مشیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی، جبکہ وکلاء صفائی کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔

اسلام آباد پولیس سابق مشیر عرفان صدیقی حراست

مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے فریقین کا موقف سُننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سُناتے ہوئے عدالت نےعرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔  

 سابق وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی کے وکلاء نے ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر دی ۔ مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔ 29 جولائی کو عرفان صدیقی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ ہو گا۔