Monday, September 16, 2024

کراچی،عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے افراد کی ملاقات،مسائل پر تبادلہ خیال

کراچی،عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے افراد کی ملاقات،مسائل پر تبادلہ خیال
March 19, 2018

کراچی ( 92 نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے کراچی میں بزنس کمیونٹی کے افراد نے ملاقات کی ۔عمران خان  نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا پولیس کو بہتر کیا جس سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا آج کراچی دورے کا دوسرااور آخری روز تھا۔ عمران خان نے ایف بی ایریا ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز میں تاجروں کوپارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی  اور ذات کیلئےسیاست کرنیوالوں کو مسائل کی جڑ قرار دیا ۔

عمران خان نے تاجروں سے خطاب میں کہا کہ حکمران چوری کریں تو ادارے تباہ ہوجاتے ہیں ۔پیپلزپارٹی اور شریف برادران  20، 20 سال اقتدار میں رہے، لیکن پولیس کو ٹھیک نہیں کرسکے۔پنجاب میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں، سندھ میں راؤ انوار پر 444 افراد کے قتل کا الزام ہے ۔

عمران خان کا کہنا تھا قوم کی ترقی کو اداروں کی مضبوطی میں ہے ، ایماندار لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے ہیں  ، پی ٹی آئی چیئرمین نیو ماڑی پور ٹرک اڈا بھی گئے   اور ٹرانسپورٹرز کا لہو بھی گرمایا ۔ عمران خان نے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو شکست دینے کی پلاننگ بھی بتادی ۔

عمران خان کا کہنا تھا حکمران کرپٹ ہوں تو عوام کو انصاف نہیں ملتا ، آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہے  ۔

قبل ازیں کپتان نے صبح ناشتے پر بھی تاجروں سے ملاقات کی  اور حکومت میں آنے کے بعد ٹیکس ریفارمز لانے کا اعلان کیا  ، عمران خان کا کہنا تھا بزنس کمیونٹی کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیئے ۔