Friday, March 29, 2024

کراچی،سرجانی ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن ناکام

کراچی،سرجانی ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن ناکام
October 18, 2018
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات کےخلاف گرینڈ آپریشن ناکام ہوگیا ، کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور پولیس کی ٹیم پر قبضہ مافیا اور علاقہ مکینوں  نے پتھر برسا دئیے، پولیس کی جانب سے بھی آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، صورتحال خراب ہونے پر آپریشن ملتوی کردیا گیا۔ غیرقانونی تعمیرات گرانے کے ڈی اے  کا عملہ،بھاری مشینری اور پولیس کے ہمراہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 8  پہنچا۔آپریشن کا آغاز ہوا  ہی تھا کہ قبضہ مافیا  اور  اہل علاقہ نے ہنگامہ  آرائی شروع کردی، کارروائی نہ رکی تو پولیس اور کراچی ڈویلپمنٹ  اتھارٹی کے عملے پر پتھر برسادئیے ۔ قبضہ مافیا کے کارندوں اور علاقہ مکینوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال شروع کردیا ،جواباًمشتعل افراد کے پتھراؤ سے اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سیل کا انچارج  زخمی ہو گیا جبکہ پولیس کی شیلنگ گن بھی جواب دے گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے شہباز خان نے آپریشن کی  ناکامی کا ذمہ دار پولیس کی ناکافی فورس کو قرار دیا جبکہ رینجرز  کے آپریشن میں حصہ نہ لینے کا شکوہ بھی کرتے رہے۔ آپریشن کے دوران ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کرنے پر کے ڈی اے حکام نے قابضین کے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔