Sunday, May 5, 2024

کراچی:بچی زیادتی کیس، اہلخانہ کی نشاندہی پر 5افراد زیرحراست

کراچی:بچی زیادتی کیس، اہلخانہ کی نشاندہی پر 5افراد زیرحراست
January 21, 2017

کراچی (92نیوز) کراچی ابراہیم حیدری میں درندگی کا شکار ہونے والی بچی کے کیس میں پیشرفت، پولیس نے 5 افراد کو حراست میں لے کر بیان قلم بند کر لیا۔ تمام افراد کی شناخت پریڈ کرائی جائے گی جبکہ پولیس افسران نے آئی جی سندھ کو کیس پر بریفنگ بھی دی ہے۔ دوسری جانب بچی کی حالت بھی خطرے سے باہر آ گئی ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق بچی نے معمول کے مطابق خوراک لینا شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے کیس میں پیشرفت۔ پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لےکر ابتدائی بیان قلم بند کرلیا۔

ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق زیر حراست افراد کو متاثرہ بچی سے شناخت کروایا جائے گا، امید ہے ملزم جلد گرفتار ہوجائیں گے۔ ادھر آئی جی سندھ نے ایس ایس پی ملیر راو انوار سمیت زون کے تمام شعبہ جات کے افسران کو طلب کیا اور کیس پر بریفنگ لی۔

بریفنگ دی گئی کہ زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، سویرا تشدد کیس میں جلد اہم کامیابی حاصل ہوگی۔ دوسری جانب قدرت نے معجزہ کر دکھایا، کل تک لیکویڈ خوراک لینے والی سویرا نے معمول کے مطابق کھانا پینا شروع کردیا ہے۔ سول اسپتال کے ڈاکٹر عامر نے تصدیق کی ہے کہ سویرا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ بچی نے والدین سے بھی بات چیت کی ہے۔