Friday, March 29, 2024

کراچی: ہول سیل سطح پر فی کلو چینی 3روپے مہنگی

کراچی: ہول سیل سطح پر فی کلو چینی 3روپے مہنگی
January 5, 2017

کراچی (92نیوز) شہر قائد کے باسیوں سے مٹھاس دور ہونے لگی۔ کراچی میں تین دن کے دوران ہول سیل کی سطح پر فی کلو چینی 3 روپے مہنگی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق منافع خوروں نے ایک بار پھر شہریوں کی جیبیں خالی کرنے کے لیے مختلف حربوں کا استعمال شروع کر دیا۔

تین دن کے دوران کراچی میں چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے اضافے کر گیا جس کے بعد فی کلو چینی 59 روپے سے بڑھ کر 62 روپے ہو گئی ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد چینی کی 100 کلو بوری پر تین دن میں 3 سو روپے کا اضافہ ہو گیا۔ 100 کلو کی بوری 5900 روپے سے بڑھ 6200 روپے ہو گئی۔

ہول سیل مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق ہول سیل کی سطح پر چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ طلب اور رسد کے درمیان خلا ہے۔ طلب کے مطابق چینی کی رسد نہ ہونے کی وجہ سے چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ شوگر ملز طلب کے مطابق چینی فراہم نہیں کر رہیں جبکہ گنے کی قیمتوں میں بھی اضافہ چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔