Monday, September 16, 2024

کراچی: گینگ وارکمانڈر بابالاڈلہ 2ساتھیوں سمیت ہلاک

کراچی: گینگ وارکمانڈر بابالاڈلہ 2ساتھیوں سمیت ہلاک
February 2, 2017

کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں لیاری گینگ وار کمانڈرنورمحمد عرف بابا لاڈلہ اپنے دو ساتھیوں سکندر عرف سکو اور یاسین بلوچ کیساتھ مارا گیا، ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے گئے۔ تفصیلات کے رینجرزنے لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں لیاری گینگ وارکے کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے رینجرز کی ٹیم پر فائرنگ کردی۔

ملزموں اور رینجرز اہلکاروں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلااپنے دو ساتھیوں سکندرعرف سکو اور یاسین بلوچ  سمیت مارا گیا جبکہ ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ترجمان رینجرز کےمطابق مارا جانے والا لیاری گینگ کا کمانڈر نورمحمدعرف بابا لاڈلا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ بابا لاڈلا کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرارہوگئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے خود کار ہتھیار، دستی بم اور دیگر اسلحہ ملا ہے۔  بابا لاڈلا کی ہلاکت جرائم پیشہ افراد  کیلئے واضح پیغام ہے کہ وہ قانون کی گرفت  سے نہیں بچ سکتے۔

لیاری میں مقابلے میں مارا جانے والا نورمحمد عرف بابا لاڈلہ سفاک دہشت گرد تھا جو پولیس کو قتل بھتہ خوری اغوابرائے تاوان دستی بم حملوں سمت چوہتر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق بابا لاڈلہ نے عزیر بلوچ کےساتھ مل کر لیاری گینگ وار کے کمانڈر ارشد پپو ،یاسرعرفات،اور شیرا پٹھان  کو قتل کیا لاشوں کی بے حرمتی کرکے انہیں آگ لگا دی تھی جبکہ ڈالمیا کے رہائشی حاجی اسلم اور اس کے بیٹوں سمیت پانچ افراد کو قتل کیا جبکہ معصوم شہریوں سمیت پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔

حکومت سندھ نے بابا لاڈلہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی تھی  مارا جانے والا دوسرا ملزم سکندر عرف سکو دہشت گردی کی 15 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

ہلاک ملزم ایس ایچ او فواد خان ،پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کے قتل ،غیر قانونی اسلحے کی ترسیل میں ملوث تھا ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ہونیوالا تیسرا ملزم یاسین عرف ماما پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔