Friday, May 10, 2024

کراچی ، گیس سسٹم میں کم پریشر کے باعث فلنگ اسٹیشنز کو گیس آج بھی نہیں ملے گی

کراچی ، گیس سسٹم میں کم پریشر کے باعث فلنگ اسٹیشنز کو گیس آج بھی نہیں ملے گی
December 24, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ میں گیس سسٹم میں کم پریشر کے باعث فلنگ اسٹیشنز کو گیس آج بھی نہیں ملے گی۔ سوئی سدرن نے گیس کی فراہمی کل رات 8 بجے تک معطل رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی مینیجمینٹ اس حوالے سے مسلسل گیس پریشر کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس دوران لائین پیک میں بہتری آئی تو تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بحال کر دی جائے گی۔ کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی نہ ہوسکی جس کے باعث شہر کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے جبکہ گھریلو صارفین کیلئے گیس نایاب ہی ہو گئی ہے۔ گیس کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے اور خواتین کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ طلبہ اور دفاتر جانے والوں کو ناشتہ کیے بغیر روانہ ہونا پڑا۔ سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئی جس کے باعث دفاتر یا کام سے جانے والے شہریوں کا بس اسٹاپس پر انتظار طویل ہوگیا۔ گیس کی سپلائی متاثر ہونے سے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی بھی پریشانی بڑھ گئی۔ گیس پریشر میں کمی سے صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہو گیا اور سائٹ کی صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں رک گئیں اور صنعتکاروں کو برآمدی آرڈر کی فکر ستانے لگی۔