Wednesday, April 24, 2024

کراچی : گندگی کے ڈھیر قاتل مچھروں کی افزائش کیلئے محفوظ نرسریاں بن گئے

کراچی : گندگی کے ڈھیر قاتل مچھروں کی افزائش کیلئے محفوظ نرسریاں بن گئے
October 18, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں قاتل مچھر ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں اور اب تک ہزاروں شہریوں کو ڈینگی میں مبتلا کرچکے ہیں مگر ان مچھروں کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بلدیاتی ادارے کوئی بھی عملی اقدام اٹھانے پر تیار نہیں۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما جیسے جیسے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے اور موسم سرما کی آمدآمد ہے۔ شہر قائد پر قاتل مچھروں نے یلغار کردی ہے اور معصوم شہریوں کا مسلسل شکار کررہے ہیں۔ جس آزادی سے یہ مچھر شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں اس سے بلدیاتی اداروں کی نالائقی اور عوام کی صحت اور زندگی سے دلچسپی کا اندازہ بہ خوبی لگایاجاسکتا ہے۔ ان مچھروں کا کاٹا ڈینگی میں مبتلا ہوکر اسپتال جا پہنچتا ہے۔ مچھروں کی یلغار اور بلدیاتی اداروں کی بے حسی سے شہری شدید خوف وہراس کا شکار ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ لائنوں سے رستا ہوا صاف پانی بھی ایسے مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے جو شہریوں کو ڈینگی میں مبتلا کررہے ہیں۔ دوسری طرف سرکاری ہسپتال ، شفاخانے بھی شہریوں کو ڈینگی سے بچانے اور علاج معالجے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہے۔ اعداد وشمار کے مطابق جنوری 2015ءسے اب تک دوہزار سے زائد افراد ڈینگی میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے چھ افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ تشویشناک اعداد وشمار اور صورتحال کے باوجود بلدیاتی اداروں کی شدید بدانتظامی اور نالائقی عروج پر ہے اور شہر کی کسی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز میں نہ کوئی ایمرجنسی نافذ کی گئی اور نہ مچھر مار اسپرے کا کوئی پلان ترتیب دیا گیا۔