Thursday, March 28, 2024

کراچی گلستان جوہر کے فلیٹ سے خاتون اور مرد کی گولیاں لگی لاشیں ملیں

کراچی گلستان جوہر کے فلیٹ سے خاتون اور مرد کی گولیاں لگی لاشیں ملیں
May 19, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی گلستان جوہر کے فلیٹ سے خاتون اور مرد کی گولیاں لگی لاشیں ملیں۔ مقتولین میاں بیوی اور ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم شاہ کے مبینہ قاتل واحد جلبانی کے سہولت کار تھے۔

مقتولین کی شناخت جعفر حسین اور فوزیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین چند دن پہلے پولیس مقابلے میں مارے جانے والے واحد جلبانی کے سہولت کار تھے۔ جلبانی نے پولیس افسر رحیم شاہ کو شہید کیا تھا اور وہ خود کچھ عرصہ پہلے اس فلیٹ میں پولیس سے مقابلے میں مارا گیا تھا۔

پولیس کو شک ہے کہ جعفر اور اس کی اہلیہ کو جلبانی کے ساتھیوں نے مخبری کے شبہ میں قتل کیا ہے۔ جائے واقعہ سے تیس بور پستول کے چار خول ملے ہیں۔

پولیس نے ابتدائی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ فوٹیج میں تین مبینہ ملزمان کو عمارت سے باہر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ علاقہ مکین دوہرے قتل کی واردات سے خوف زدہ ہیں۔

مقتولہ فوزیہ جعفر کی دوسری بیوی تھی۔ اس سے پہلے وہ ایم کیوایم لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس کی اہلیہ تھی۔ رئیس سے علیحدگی کے بعد اس نے جعفر سے شادی کی تھی جو اس کے ساتھ اسکول میں ٹیچر تھا۔ رئیس مختلف الزامات کے تعد گرفتار ہے اور جیل میں ہے۔