Tuesday, May 7, 2024

کراچی ، گزشتہ روز تفریحی پارک میں گرنے والے جھولے کی تحقیقات شروع

کراچی ، گزشتہ روز تفریحی پارک میں گرنے والے جھولے کی تحقیقات شروع
July 16, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں گزشتہ روز پرانی سبزی منڈی کے قریب تفریحی پارک میں گرنے والے جھولے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ پولیس اور ٹیکنکل ٹیموں نے پارک پہنچ کر گرنے والے جھولے کا جائزہ لیا۔ دیکھاجارہاہے کہ جھولے عالمی معیارکے مطابق نصب کئے گئے تھے یا نہیں، پارک میں نصب دیگرجھولوں کا معیار بھی چیک کیا گیا۔ گذشتہ روز حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکی بارہ سالہ کشف کی تدفین آج کی جائے گی۔ حادثے میں بچوں اورخواتین سمیت پندرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد پارک کو تین دن کےلئے بند کر دیا گیا۔ کراچی میں پُرانی سبزی منڈی کے قریب فیملی پارک میں جھولہ گرنے سے بارہ سالہ کشف جاں بحق جبکہ صائمہ، حفظیٰ، سائرہ، عریبا، بابر ، سلیمان اور مجیب سمیت پندرہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جنہیں جناح اور نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے دو خواتین کی حالت نازک بتائی گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز جائے حادثہ پر پہنچی اور شہریوں کو باہر نکال کر پارک بند کروادیا اور کرین منگواکر گرے ہوئے جھولے کو اٹھوایا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرنے والے جھولے کا نام پینڈولم، اونچائی تیس فٹ ہے، جھولے کے پرزہ جات چین اور سنگا پور سے درآمد کردہ ہیں۔ حادثے کے بعد نگراں سندھ حکومت حرکت میں آگئی۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی۔ ساتھ ہی جاں بحق بچی کے اہلخانہ کی مالی امداد اور زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کرانے کا اعلان بھی کر دیا جبکہ سندھ بھر کے پارکس میں جھولے بھی تین روز تک بند رکھنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ۔