Friday, April 26, 2024

کراچی ، گزشتہ رات فائرنگ سے شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

کراچی ،  گزشتہ رات فائرنگ سے شہید ہونیوالے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
April 7, 2019

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گزشتہ رات شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، دوسری جانب ملزموں کی گاڑی کا بھی سراغ لگا لیا گیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گزشتہ رات ملزموں نے فائرنگ کی تھی جس کی زد میں آکر پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے ، شہید کانسٹیبل 2 بچوں کا باپ تھا۔

ڈبل کیبن گاڑی سوار 2 ملزمان نے نشے کی حالت میں گولیاں چلائیں   ، پولیس نے نجی اسپتال سے ایک ملزم کو شکنجے میں لے لیا  ، ملزمان کی گاڑی سے شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی ۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مفرور ملزم کیلئے وارننگ جاری کردی  ، ایک بیان میں کہا کہ مفرور ملزم کے تمام ٹھکانوں کا علم ہے   ، لہذا ملزم خود کو قانون کے سامنے سرنڈر کردے ۔

شہید اہلکار خالد محمود ڈھائی سال سے درخشاں تھانے میں انٹیلیجنس ڈیوٹی کررہا تھا  ، شہید اہلکار کی نمازجنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی ۔

نماز جنازہ میں  آئی جی سندھ سمیت پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی ، شہید کانسٹیبل کی میت آبائی علاقے شکار پور روانہ کردی گئی  ۔