Friday, May 10, 2024

کراچی کےعلاقے ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کا نکاسی آب نہ ہونے کیخلاف احتجاج ختم

کراچی کےعلاقے ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کا نکاسی آب نہ ہونے کیخلاف احتجاج ختم
August 31, 2020

 کراچی (92 نیوز) کراچی کےعلاقے ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کا نکاسی آب نہ ہونے کیخلاف احتجاج ختم ہو گیا۔ مظاہرین کی نمائندہ کمیٹی نے علاقے میں ہنگامی حالت  کے اعلان اور پانچ سال تک ٹیکس نہ لینے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ شہر کے مہنگے ترین علاقے ڈیفنس اور کلفٹن بھی پانی پانی ہو گئے ۔ سڑکیں اور گھر 4 دن سے پانی میں ڈوبے رہے تو رہائشیوں کا صبر جواب دے گیا ۔ خواتین، مرد اور فیملیز انتظامیہ کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ انتظامیہ کی جانب سے دروازہ نہ کھولا گیا تو دروازے کے اوپر سے چھلانگیں لگا کر آفس میں پہنچ گئے۔

انتظامیہ اور مظاہرین میں 2 مرتبہ مذاکرات بھی ہوئے ۔ مظاہرین نے فوری نکاسی آب،  انفراسٹریکچر کی ازسرنو تعمیر، ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے اور 5 سال ٹیکس نہ دینے کے مطالبات سامنے رکھے لیکن مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے ۔

دوسری جانب نیا ناظم آباد کے مکینوں کی آزمائش بھی ختم نہ ہوئی اور 4 دن بعد بھی 5 فٹ تک پانی موجود ہے اور پاک بحریہ کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ تباہی کے شکار مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کا انتظام کیا جائے۔