Friday, April 19, 2024

کراچی کےعلاقے قائد آباد میں مبینہ مقابلے میں جاں بحق بارہ سالہ سجاد کی نمازجنازہ ادا

کراچی کےعلاقے قائد آباد میں مبینہ مقابلے میں جاں بحق بارہ سالہ سجاد کی نمازجنازہ ادا
April 6, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی کےعلاقے قائدآباد میں مبینہ مقابلے میں جاں بحق بارہ سالہ سجاد کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔

نمازجنازہ ادا ہو جانے کے بعد جاں بحق بارہ سالہ سجاد کو مولا مدد قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ایم ایل او ڈاکٹراعجاز کے مطابق سر میں لگنے والی گولی موت کی وجہ بنی۔

 کراچی کے علاقے قائد آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں بارہ سالہ سجاد جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ دس سالہ عمر سمیت دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔

ایس ایچ او قائد آباد کے مطابق ملزم نے پولیس کو دیکھتےہی اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار عطا اللہ اور طاہر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے ملزم شیر زمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سجاد نامی بچہ دم توڑ گیا۔

 مقتول کے لواحقین نے شفاف تحقیقات اور فراہمی انصاف کا مطالبہ کر دیا۔ مقتول کے لواحقین کا کہنا تھا کہ شہری آبادی میں گولیاں چلانا کہاں کا اُصول ہے ۔ ہمارا بے گناہ بچہ مارا گیا ، انصاف دلایا جائے۔ مقتول کےبہنوئی کا کہنا ہے کہ شبہ ہے پولیس کی گولی ہی سجاد کو لگی۔