Saturday, April 20, 2024

کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم میں اتفاق

کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم میں اتفاق
August 16, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم میں اتفاق ہوگیا۔ تینوں سیاسی جماعتوں کی دو اہم بیٹھکیں ہوئیں۔ سب سے بڑا شہر، سب سے زیادہ مسائل، روشنیوں کے شہر کراچی میں مسائل ہی مسائل ہیں، جنہیں حل کرنے کیلئے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اہم میٹنگ ہوئی، جس میں مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب، لیکن مسائل میں گِھرا کراچی مسائلستان بن گیا۔ بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث بارش زحمت بن جاتی ہے، صفائی کا کوئی نظام نہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور برساتی نالوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ کراچی کے مسائل پر پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی کراچی اور اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگی ، جن میں  شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے ایڈائزری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں گورنرسندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی بھی شریک ہوئے۔ ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء عامرخان نے مُلک میں نئے صوبوں کو مُلکی مسائل کا واحد حل قرار دیا، اپنی ٹوئٹ میں عامرخان کا کہنا تھا کراچی کے مسائل حل کرنا ہیں تو مقامی افراد کو مکمل اختیارات دینے ہوں گے۔