Friday, March 29, 2024

کراچی کے مسائل اجاگر کرنے پر جیالے رہنماؤں کی وسیم اکرم پر تنقید

کراچی کے مسائل اجاگر کرنے پر جیالے رہنماؤں کی وسیم اکرم پر تنقید
November 8, 2020

کراچی (92 نیوز)سندھ حکومت کو آئینہ کیوں دکھایا ، کراچی کے مسائل اجاگر کرنے پر جیالے رہنماؤں نے وسیم اکرم کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

کچرے کے انبار، سیوریج کے مسائل اور بنیادی ضرورتوں سے محروم کراچی کے لئے آواز اٹھانا سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا جرم بن گیا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ نے ساحل اور شاہراہوں پر گندگی دکھا کر حکمرانوں کو ذمہ داری کا احساس دلایا تو سندھ حکومت برا مان گئی ۔

سندھ کے وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ نے وسیم اکرم اور شنیرا اکرم کی تعریف کرنے کی بجائے الٹا آڑے ہاتھوں لے لیا، اور تنقید کے تیر برسادیے ،ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مسائل بڑھا چڑھاکر پیش کیے گئے ہیں  اور سندھ کے کرکٹرز سے ہونے والی زیادتی کیخلاف بھی آواز اٹھانے کا مشورہ بھی دے دیا ۔

ناصرشاہ سے رہا نہ گیا تو دوسری ٹوئٹ بھی کر ڈالی اور وسیم اکرم سے وفاقی وزراء کو بھی ذمہ داریاں بتانے کامطالبہ کردیا ۔