Friday, May 10, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار
July 5, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شاہراہ فیصل، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ نارتھ ناظم آباد، صدر، بہادر آباد، طارق روڈ میں بھی بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ نمائش چورنگی، لیاقت آباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ کراچی میں آج موسم ابر آلود رہے گا جبکہ شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دوسری طرف آج سے اتوار تک خیبرپخونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ،اسلام آباد ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج ابرکرم کی نوید سنائی گئی ہے۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں فطرت نے سورج  کا غضب  ٹھنڈا کرنے کا انتظام کر دیا۔ پہلے کالی گھٹائیں چھائیں تو دن میں رات کا سماں بنا پھر تیزہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں تیز آندھی کی وجہ سے پارہ نیچے آیا پھر بارش اور ژالہ باری نے اسے اور نیچے کر دیا۔ آندھی اور تیز بارش کی وجہ سے تینتالیس سنٹی گریڈ سے پارہ بتدریج نیچے آتار گیا۔ آندھی اور بارش کی وجہ سے شہر میں دیواریں اوربورڈ گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے شہر میں دو سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ جہلم، شیخوپورہ، مریدکے، چونیاں اور میر پور سمیت کئی علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے اور موسم سہانا ہو گیا۔