Sunday, September 8, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی چوکیوں پر کریکر حملے

کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی چوکیوں پر کریکر حملے
March 13, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی 2 چوکیوں پر کریکر حملے کئے گئے تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال عیسیٰ نگری میں رینجرز کی چوکی پر پہلا حملہ کیا گیا جس میں موٹر سائیکل سوار ملزم کریکر پھینک کر فرار ہو گئے۔ حملے میں چوکی کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ چند ہی منٹ بعد موتی محل پر رینجرز چوکی پر بھی کریکر حملہ کر دیا گیا تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایس پی گلشن کے مطابق عیسیٰ نگری میں رینجرز چوکی پر پہلا حملہ سات بج کر چالیس منٹ جبکہ موتی محل میں دوسرا حملہ چار منٹ وقفے کے بعد کیا گیا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ پہلی بار شاپنگ بیگ میں دیسی ساختہ کریکر تیار کئے گئے۔ ڈیٹونیٹر شاپنگ بیگ کے باہر لگایا گیا تھا۔ وزیرداخلہ سندھ نے دونوں حملوں کا نوٹس لے لیا اور رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسنیپ چیکنگ بڑھانے کی ہدایت کر دی۔