Thursday, March 28, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
June 16, 2019 ویب ڈیسک

کراچی ( 92 نیوز) کراچی والوں پر قدرت کو رحم آگیا، مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ لاہور،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش سے موسم سہانا  جب کہ میدانی علاقوں میں گرمی کا راج رہا ۔ بلوچستان ،سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں پارہ 45 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ قدرت کراچی والوں پر مہربان ہو گئی ، کئی روز کی جان لیوا گرمی کے بعد بادل برس پڑے، ناظم آباد، گرومندر،لیاقت آباد اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے پارہ نیچے آگیا۔ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جب کہ موسمیاتی ماہرین نے مزید بارش کا امکان بھی ظاہر کردیا۔ ملک کے دیگر کئی علاقوں میں بھی  بارش  ہوئی ۔ لاہور،سرگودھا،فیصل آباد،بہاولپور ،راولپنڈی، گوجرانوالہ،ساہیوال،ملتان ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش نے ہی موسم کے تیور بدل دیے ۔ ایک طرف تو بارش سے موسم سہانا ہوا تو دوسری طرف کڑاکے کی گرمی نے لوگوں کے پسینے نکال دیے ۔ میدانی علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم  کے باعث سڑکیں اور بازار سنسان  رہے ، شہری گھروں تک محدود رہے۔ تربت میں موسم سب سے زیادہ گرم مقام رہا  جہاں پارہ دوسرے  روز بھی 47ڈگری رہا ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 45سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی پنجاب کے کئی علاقوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ  رم جھم کا امکان ہے۔ دوسری طرف اسکردو میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ  نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں، 35 سے زائد مکانات ملبے تلے دبنے سے  بے گھر درجنوں خاندان کئی دنوں سے کھلے آسمان تلے پڑے حکومت کی راہ تک رہے ہیں۔