Monday, April 22, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش
August 10, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ گلشن حدید، ملیر، ایئرپورٹ، شارع فیصل، ماڈل کالونی میں ابر کرم برس پڑا۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم سہانا کر دیا۔ سندھ میں بھی مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کا آغاز ہو گیا۔ حیدر آباد میں رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ سیہون شریف، دادو، میھڑ، جوہی،ٹھٹھہ بدین، خیرپور ناتھن شاہ اور نواحی علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ادھر باغوں کے شہر لاہور میں آسمان پر سرمئی بادلوں کا راج ہے۔ تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر اقتدار میں وقفے وقفے سے بارش نے گرمی کی چھٹی کرا دی۔ چکوال میں موسلا دھار بارش کے بعد گلیاں تالاب بن گئیں۔ نالے بند ہونے سے پانی سڑکوں پر آگیا۔ مین تلہ گنگ روڈ پانی سے بھر گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارشیں ہوں گی۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔