Saturday, April 20, 2024

کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران اسماعیل

کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران اسماعیل
July 31, 2020
کراچی (92 نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ عمران اسماعیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر کراچی کو صاف کریں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ کراچی میں صفائی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این ڈی ایم اے کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل ایم افضل نے گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ حکومت شہر کو دوبارہ عروس البلاد بنائے گی۔ کراچی میں نالوں کی صفائی کا پہلا مرحلہ اتوار سے شروع ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈااور رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی بولے کراچی اور سندھ کے مسائل 40 سال سے چلے آرہے ہیں۔ سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا وزیر اعظم کا کراچی کیلئے فیصلہ زبردست ہے این ڈی ایم اے اور فوج کی نگرانی میں کراچی کی صفائی کی جائے گی۔ فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ یہ  سندھ حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ کام کریں یہ نہ ہو وقت اور چیزیں ان کے ہاتھ سے نکل جائیں۔ اس سے ایک روز قبل حکومت نے کراچی کی صفائی کیلئے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی کی صفائی کیلئے پاک فوج کو طلب کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو کراچی پہنچ کر صفائی کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، مشکلات کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔